ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ : فاریسٹ افسران پر فائرنگ کرنے والوں کا نہیں ملا ابھی تک کوئی سراغ

انکولہ : فاریسٹ افسران پر فائرنگ کرنے والوں کا نہیں ملا ابھی تک کوئی سراغ

Wed, 23 Aug 2017 14:56:20    S.O. News Service

انکولہ، 23؍اگست (ایس او نیوز)ماستی کٹّا جنگلاتی علاقے میں فاریسٹ افسران کو نشانہ بناکر شرپسندوں نے جو فائرنگ کی تھی اس سلسلے میں پتہ چلا ہے کہ تاحال پولیس کے ہاتھ کوئی سراغ نہیں لگا ہے۔

البتہ معتبر ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ماضی میں جنگلاتی علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے شک کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کے لئے دو افراد کواپنی تحویل میں لیا ہے۔ماستی کٹا کے اطراف کا جنگلاتی علاقہ ساگوان، بی ٹی اور شیشم وغیرہ جیسے قیمتی درختوں سے مالامال ہے اور یہاں اس قیمتی لکڑی کے اسمگلروں کی طرف سے اکثر وبیشتر ایسے درخت چرانے کی کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔جنگلاتی افسران کے لئے یہ ایک بہت ہی حساس قرار دیا جاتا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ حال کے دنوں میں جنگل سے غیر قانونی طور پر قیمتی درخت چرالے جانے کے کئی معاملات کو پولیس افسران نے حل کرلیا تھا اور مقدمات درج کروائے تھے۔اس سلسلے میں پوری چوکسی سے اپنے فرائض انجام دینے والے فاریسٹ افیسرکرن کمار نیرلکٹّے اور آدھی رات کو اپنے عملے کے ساتھ جنگلات کی نگرانی پر نکلنے والے سب فاریسٹ افیسر حضرت علی کو قیمتی لکڑیوں کے چوروں نے اپنے نشانے پر رکھ لیا ہے۔اس بارے میں گمان کیا جاتا ہے کہ ان افسران پردیسی بندوق سے فائرنگ کرنے والے مقامی افراد ہی ہونگے۔

معلوم ہواہے امسال مارچ میں ساگوان لکڑی کے درخت جنگل سے چرانے کا جو معاملہ سامنے آیا تھا اس میں ملوث ۶ ملزمین میں سے ایک کو19اگست اور دوسرے کو 22اگست کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ بقیہ ملزمین روپوش ہوگئے ہیں جن کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔لیکن بندوق سے فائرنگ کے سلسلے میں ابھی تک کوئی واضح سراغ نہ ملنے کی بات پولیس نے قبول کی ہے۔


Share: